گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں احتجاجی مارچ

image

گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کے خلاف دنیا بھر کی پاکستان کے مختلف شہروں خصوصاً کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جماعت اسلامی کے تحت نمائش چورنگی تا کیپری تبت سینٹر احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کی۔

منعم ظفر خان نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ شب اسرائیل نے کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلوبل صمود فلوٹیلا اور اس پر سوار 44 ممالک کے 500 سے زائد لوگ جو غزہ کے لوگوں کے لیے خوراک اور ادویات پر مشتمل سامان لے کر جارہے تھے، کو گرفتار کرلیا۔ شرم کا مقام ہے، امریکا کے لیے، ٹرمپ جو امریکا کی بات کررہا ہے لیکن گلوبل صمود فلوٹیلا کی گرفتاری پر کیوں کوئی بات نہیں کی جاتی۔

شرم کا مقام ہے ان لوگوں کے لیے جو گلوبل صمود فلوٹیلا کے لوگوں کی گرفتاری پر بات نہیں کرتے اور امریکا سے پینگیں بڑھاتے ہیں۔ اسرائیل نے 2 سال کے عرصے میں 66 ہزار سے زائد فلسطینوں کو شہید کردیا۔ فلسطینیوں کی پناگاہیں اور صحافی برادری بھی محفوظ نہیں ہے۔ فلسطین میں ڈھائی سو زائد صحافیوں کو بھی شہید کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں اہل غزہ کو، ہم سلام پیش کرتے ہیں حماس کی قیادت کو جس نے 20 نکاتی امن معاہدہ کو مسترد کردیا۔ حماس کے مجاہدین نے کہا کہ ہم نے اپنی جانوں کی قربانیاں اس لیے نہیں دی کہ ہم اسلحہ چھوڑ دیں۔ 730 دن مکمل ہونے والے ہیں حماس اللہ کی نصرت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ حماس نے ثابت کردیا ہے کہ 730 دن گزرنے کے بعد بھی اسرائیل اپنے لوگوں کو آزاد نہیں کروا سکا۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے مجاہدین پیغام دے رہے کہ اسرائیل جان لے کہ وہ مذاکرات کے بغیر اپنے لوگوں کو آزاد نہیں کروا سکتا۔ اسماعیل ہانیہ ہو یا یحییٰ السنوار ہو ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی، اسرائیل کی بھول ہے وہ غزہ پر کبھی بھی اپنا تسلط قائم کرسکتا ہے۔ پوری دنیا کے باضمیر افراد لاکھوں کی تعداد میں نکل کر اسرائیل کے ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

یورپ اور اٹلی کے مسلمانوں لاکھوں کی تعداد میں نکل کر انسانیت کی بنیاد پر اپنی حکمرانوں کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ فلسطین کے مسئلے پر اقوام متحدہ نظر نہیں آتی۔ اقوام متحدہ امریکہ کا غلام بنا ہوا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کہاں ہیں انٹرنیشنل کورٹ آفس جسٹس، کہاں ہے او آئی سی؟ ان سارے لوگوں کو ڈوب کر مرجانا چاہیے جو ہزاروں لوگوں کی شہادت کے بعد بھی جاگنے پر تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کیا کہ انشاء اللہ مستقبل اسلام کا ہوگا، کامیابی و کامرانی اسلام کا مقدر ہے۔ اسرائیل کا خاتمہ بہت قریب ہے، قبلہ اول بیت المقدس آزاد ہوگا اور ہم دو رکعت شکرانے کی نماز پڑھیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ پورے ملک میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مظاہروں سے عوام کو بیدار کیا جائے گا کہ ہمارے حکمران امریکا کے آگے مرے جارہے ہیں۔ 5 اکتوبر کو اہل کراچی لاکھوں کی تعداد میں شاہراہِ فیصل پر نکلیں گے اور اہل غزہ فلسطین کو پیغام دیں گے کہ مزاحمت میں ہی زندگی ہے۔

جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے نمائش چورنگی نیو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ کے خلاف آج کراچی کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ گلوبل صمود فلوٹیلا فلسطین میں خوراک اور ادویات پر مشتمل سامان لے کر جارہا تھا۔ عالمی پانیوں میں گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل افراد کو گرفتار کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت تمام کارکنان کو رہا کیا جائے اور غزہ جانے کا راستہ دیا جائے۔

نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلوٹیلا کے کارکنان کو سلام پیش کرتے ہیں جو پوری دنیا کے باضمیر لوگوں کے نمائندے افراد شامل تھے۔ فلوٹیلا کے کارکنان انسانیت کو ژندہ رکھنے کے لیے صرف خوراک پہنچانے کے لیے جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے 66 ہزار سے زائد فلسطینوں کو شہید کردیا ہے۔ فلسطین میں اسپتالوں، مساجد اور گھروں کو تباہ کردیا ہے۔ بدقسمتی سے مسلم ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ہمارے حقیقی دشمن امریکا اور اسرائیل نہیں بلکہ مسلم امہ کے حکمران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے جانے والے معاہدے کی تائید معاہدہ آنے سے قبل ہی کردی گئی۔ حکمران سن لیں کہ اگر پاکستان کی پالیسی کے خلاف کوئی کام کیا گیا تو پورے ملک سے تحریک اٹھے گی۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا جس میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ صابر ابو مریم اور دیگر مقررین نے گلوبل فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US