جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل

image

سندھ ہائیکورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی سے متعلق جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے جامعہ کراچی کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ دو رکنی بینچ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر عمران صدیقی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ ہمیں دو روز قبل ہی نوٹس ملا ہے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

جس پر جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ کو مہلت دی جاتی ہے اور اس دوران درخواست گزار کے خلاف کوئی کارروائی ہوگئی تو اس نقصان کا ذمہ دار کون ہوگا؟ یہاں ایک شخص کی زندگی بھر کی کمائی اور عزت کا سوال ہے۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کو جواب کا وقت دیا جائے لیکن تب تک جامعہ کراچی کا فیصلہ معطل کردیا جائے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے مزید ریمارکس دیے کہ کسی کی ڈگری یا عزت پر سوال اٹھانے سے قبل متاثرہ فریق کو ضرور سنا جانا چاہیے۔ 30، 35 سال بعد اگر کوئی اعتراض آتا ہے تو اس پر کارروائی کا حق تو موجود ہے لیکن انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ فریقین کو سنے بغیر فیصلہ نہ دیا جائے۔ ایکس پارٹی ججمنٹ کو درست فیصلہ تصور نہیں کیا جاتا۔

بعد ازاں عدالت نے جامعہ کراچی کی جانب سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری منسوخی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اور ان فیئر مینز کمیٹی کو مزید کسی کارروائی سے روک دیا۔ کیس کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی نے 26 ستمبر کو جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US