موسم سرما کی آمد، ملک بھر میں بارشوں اور آندھی کی پیش گوئی

image

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ موسم سرما کا بگل بج چکا ہے اور آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 6 اکتوبر کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور تیز آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج رات سے 7 اکتوبر تک پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی علاقوں میں مختلف اوقات میں آندھی، جھکڑ اور بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور تیار شدہ اجناس کو محفوظ بنائیں جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مزید برآں نشیبی علاقوں میں بارش کے باعث پانی جمع ہونے کے امکانات کو بھی نظرانداز نہ کیا جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارشیں نہ صرف موسم میں خوشگوار تبدیلی لائیں گی بلکہ درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی جس کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرما باضابطہ طور پر شروع ہوجائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US