جاپان میں روزگار حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے خوشخبری آ گئی ہے۔ جاپان فاؤنڈیشن نے ورک ویزے کے امیدواروں کے لیے ٹیسٹ برائے بیسک جاپانی زبان متعارف کرا دیا ہے جس کا مقصد امیدواروں کی جاپانی زبان میں بنیادی ابلاغی صلاحیت کا جائزہ لینا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ ٹیسٹ اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس کی تاریخیں 11 اکتوبر، یکم نومبر اور 8 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہیں۔ ٹیسٹ کا انعقاد ایس کانز اسکول آف اکاؤنٹنسی، ایف-8 مرکز اسلام آباد میں ہوگا۔
جاپان فاؤنڈیشن نے بتایا کہ اس بیسک ٹیسٹ میں زیادہ سے زیادہ 500 امیدوار شرکت کر سکیں گے۔ یہ ٹیسٹ جاپان میں روزگار اور رہائش کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جاپان کی حکومت نے Specified Skilled Worker Program میں شمولیت کے لیے اس ٹیسٹ میں کامیابی کو لازمی قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے پاکستانی کارکنوں کے لیے جاپان میں بہتر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور جاپانی مارکیٹ میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی شمولیت میں اضافہ ہوگا۔