جنید اکبر کا وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن کو ایک دن میں ہٹانے کا مطالبہ، پارٹی میں تناؤ بڑھ گیا

image

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان اور وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن فراز مغل کے درمیان سخت لفظی تکرار سامنے آگئی ہے۔ جنید اکبر نے وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن کو ایک روز کے اندر ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ اپنا ردِعمل دینے میں آزاد ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق تنازع کی ابتدا اس وقت ہوئی جب سینیٹر ایمل ولی خان کی سیکیورٹی کے معاملے پر جنید اکبر نے ایکس پر بیان دیا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر ایمل ولی خان سمیت ہر سیاسی رہنما کی جان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اگر خدانخواستہ سیکیورٹی واپس لینے کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو ذمہ دار وہی لوگ ہوں گے جنہوں نے یہ فیصلہ کیا۔

جنید اکبر کے اس بیان پر وزیر اعلیٰ کے فوکل پرسن فراز مغل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے آپ ابھی نیند سے جاگے ہیں۔ آپ نے تو اپنی ہی حکومت پر تنقید شروع کردی ہے۔ کسی نے بھی ایمل ولی خان سے سیکیورٹی واپس نہیں لی۔

فراز مغل کے اس تبصرے پر جنید اکبر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں ایک آڈیو پیغام بھی بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے جو پوسٹ کی تھی، میرا اشارہ سمجھدار لوگوں کے لیے تھا۔ لیکن وزیر اعلیٰ نے جن لوگوں کو فوکل پرسن بنایا ہے وہ پارٹی کے لیے مشکلات بڑھا رہے ہیں۔ اگر وزیر اعلیٰ کا فوکل پرسن میرے خلاف بات کرے گا تو اس کا مطلب ہے کہ اسے وزیر اعلیٰ کی آشیر باد حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سیاست عزت کے لیے کرتا ہوں پروٹوکول یا عہدے کے لیے نہیں۔ اگر کل تک فوکل پرسن کو ہٹایا نہیں گیا تو پھر میں کھل کر جواب دوں گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US