وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب سے صرف گندگی نہیں بلکہ نفرت اور حسد بھی صاف کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک عورت نے پنجاب کو صاف کرنے کے ساتھ ساتھ اُن دماغوں کی بھی صفائی کر دی ہے جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں۔
لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہوں، یہ جیکٹ پہننا میرے لیے اعزاز ہے کیونکہ اس سے عوام کو پیغام دیا کہ آپ مجھ سے ہیں اور میں آپ سے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے شہروں اور دیہات میں صفائی کرنے والے ورکرز نے سیلاب کے دوران بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم جب مجھ سے ملتے ہیں تو پنجاب کے کام کی تعریف کرتے ہیں میں انہیں کہتی ہوں کہ یہ سب کچھ نواز شریف اور شہباز شریف سے سیکھا ہے۔
مریم نواز نے مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں میں ان کے دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں۔ دوسرے صوبوں کے لوگ بھی اپنی حکومتوں سے پوچھیں کہ ان کے شہروں میں گندگی کیوں ہے، سڑکیں ٹوٹی کیوں ہیں اور مہنگائی پر قابو کیوں نہیں پایا جا رہا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کے ہر صوبے میں عوام کو وہی سہولیات ملیں جو آج پنجاب کے عوام کو مل رہی ہیں۔