سعودی عرب میں خطبہ جمعہ کا موضوع کیا ہوگا؟ حکومت کی ہدایت جاری

image

سعودی حکومت نے مملکت بھر کی تمام مساجد کے خطیبوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئندہ جمعہ کا خطبہ لالچ اور گھروں کے کرایوں میں غیر معمولی اضافے کے خطرات پر دیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزیرِ اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے تمام خطیبوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے خطبات میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ان ہدایات کا بھی ذکر کریں جن میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں توازن برقرار رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

وزیرِ اسلامی امور کا کہنا ہے کہ خطیب مالکانِ مکانات اور عمارات کو یاد دلائیں کہ کرایوں میں غیر ضروری اضافہ کرایہ داروں پر غیر معمولی مالی دباؤ ڈالتا ہے جس سے گھریلو نظام متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں کسی بھی مسلمان کو تکلیف دینے کی سخت ممانعت ہے لہٰذا مالکان کو کرایوں کے تعین میں انصاف اور اعتدال کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق سعودی حکام کی کوشش ہے کہ سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو رہائش کے معاملے میں مشکلات اور ذہنی دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اسی سلسلے میں سعودی حکومت نے دارالحکومت ریاض میں رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کے کرایوں میں سالانہ اضافہ پانچ برس کے لیے روک دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے واضح کیا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کا پیغام اعتدال، توازن اور عوامی فلاح کا عکاس ہے اور اس پر عمل درآمد معاشرتی استحکام کے لیے ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US