’خوف ناک جرم‘، نومنتخب جرمن خاتون ٹاؤن میئر خنجر کے حملے میں زخمی

image
جرمنی کے شہر ہرڈیکے کی نومنتخب میئر آئرس سٹالزر خنجر کے حملے میں شدید زخمی ہو گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ہونے والے اس واقعے کو جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے ’ایک مکروہ فعل‘ قرار دیا ہے۔

یہ حملہ دوپہر کے وقت ان کے گھر کے قریب ہوا۔

ستاون سالہ آئرس سٹالزر سوشلسٹ ڈیموکریٹک پارٹی(ایس ڈی پی) کی رکن ہیں اور حال ہی میں 28 ستمبر کو ہرڈیکے کی میئر منتخب ہوئی تھیں۔

جرمن میڈیا کے مطابق آئرس سٹالزر کو ان کے 15 سالہ بیٹے نے ان کے اپارٹمنٹ میں شدید زخمی حالت میں پایا۔

انہوں نے بتایا کہ ان پر کئی افراد نے حملہ کیا۔ آئرس سٹالزر نے خود کو گھر تک گھسیٹ کر پہنچایا جہاں ان کے بیٹے اور 17 سالہ بیٹی بھی موجود تھے۔

چانسلر فریڈرش مرز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’ہم ان کی زندگی کے لیے فکرمند ہیں اور ان کی مکمل صحت یابی کی امید کرتے ہیں۔ اس واقعے کے اسباب فوری طور پر واضح ہونے چاہییں۔‘

اس واقعے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پولیس نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ حملے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں تاہم حکام اس کے سیاسی محرکات سمیت تمام امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

برلن میں ایس ڈی پی کے پارلیمانی گروپ کے سربراہ میتھیاس میرش نے کہا کہ ’چند لمحے قبل ہمیں اطلاع ملی کہ نومنتخب میئر آئرس سٹالزر پر ہرڈیکے میں حملہ ہوا ہے۔ ہم ان کی زندگی کے لیے دعا گو ہیں اور اس خوفناک جرم پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔‘

اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ جرمنی میں سیاسی تشدد میں اضافے کے پیش نظر مقامی سیاست دانوں کی سلامتی کے حوالے سے جاری بحث کو دوبارہ زندہ کر رہا ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US