سڈنی فائرنگ: حملہ آور باپ بیٹا بھارتی شہری نکلے، پولیس نے نام ظاہر کر دیے

image

آسٹریلیا کے مشہور ساحلی مقام بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث حملہ آور باپ بیٹا بھارتی نکلے جن کی شناخت نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے جاری کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کی عمر 50 سال اور زخمی حملہ آور کی عمر 24 سال ہے۔ ہلاک ہونے والے باپ کا نام ساجد اکرم اور زخمی بیٹے کا نام نوید اکرم ہے۔

ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے جبکہ ماں اٹلی کی ہے

24 سالہ حملہ آور نوید اکرم کے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے کہا کہ نوید کے والد ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ ماں اٹلی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس حملے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

پولیس کمشنر کے مطابق ساجد اکرم گزشتہ 10 برس سے اسلحہ لائسنس کا حامل اور ایک گن کلب کا رکن تھا۔ ہلاک حملہ آور کے قبضے سے چھ ہتھیار برآمد کیے گئے جبکہ جائے وقوعہ سے دو فعال دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی ملے اور محفوظ کر لیے گئے۔ تحقیقات میں یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ یہ ہتھیار فائرنگ میں استعمال ہوئے یا نہیں۔

واقعے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ آسٹریلوی حکومت نے یومِ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا حکم دیا۔ پولیس نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا۔

واضح رہے کہ واقعے کے بعد بھارتی، اسرائیلی اور افغان میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پاکستانی قرار دینے کی کوشش کی تاہم یہ دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے اور پاکستانی حکام نے واضح کیا کہ حملہ آور پاکستانی نہیں تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US