چینی خاتون کے ساتھ رومانوی تعلق، امریکی محکمہ خارجہ نے سفارتکار کو ملازمت سے برطرف کر دیا

image
ٹرمپ انتظامیہ نے محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کو چینی خاتون کے ساتھ رومانوی تعلق کی بنیاد پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پگٹ نے کہا کہ وزارت نے ’باقاعدہ طور پر فارن سروس کے افسر کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے جنہوں نے تسلیم کیا کہ کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ روابط رکھنے والی چینی شہری کے ساتھ انہوں اپنے رومانوی تعلق کو چھپائے رکھا تھا۔

محکمہ خارجہ نے اہلکار کی شناخت کو پوشیدہ رکھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیمرے کے سامنے بیان دیا ہے کہ چینی خاتون جاسوس ہو سکتی ہے تاہم اس حوالے سے کسی قسم کے ثبوت نہیں پیش کیے گئے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق متعلقہ افسر نے مزید بتایا کہ خاتون کے والد کا تعلق کمیونسٹ پارٹی سے ہے۔

صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد حکمنامے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت تمام ملازمین پر ’صدر کی پالیسی پر وفاداری کے ساتھ عمل درآمد‘ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس صدارتی حکمنامے کے تحت پہلی مرتبہ کسی اہلکار کو برطرف کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ’ہم کسی بھی ایسے ملازم کے لیے زیرو برداشت کی پالیسی برقرار رکھے ہوئے ہیں جو قومی سلامتی کو نقصان پہنچاتے ہوئے پکڑا جائے۔‘

رواں سال کے آغاز میں امریکہ نے کہا تھا کہ وہ چین میں کام کرنے والے اپنے ملازمین کو مقامی افراد کے ساتھ رومانوی تعلق سے روکے گا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US