امن کا نوبیل انعام وینیزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریا کورینا ماچاڈو کے نام

image

ناروے کی نوبیل کمیٹی نے وینیزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے فروغ کے لیے ماریا کورینا ماچاڈو کو نوبیل امن انعام 2025 دینے کا اعلان کیا ہے۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق ماریا کورینا ماچاڈو کو آمریت سے جمہوریت کی منصفانہ اور پُرامن منتقلی کی جدوجہد پر نوبیل انعام سے نوازا گیا ہے۔ ماریہ کورینا مچاڈو 2011 سے 2014 تک رکن پارلیمنٹ رہیں۔

امن کا نوبیل انعام (نوبیل پیس پرائز) اس شخصیت کو دیا جاتا ہے جس نے ملکوں کے درمیان رفاقت بڑھانے، مستقل فوجیں ختم یا کم کرنے اور امن کے قیام اور فروغ کے لیے سب سے زیادہ یا بہترین کام کیا ہو۔

نوبیل کمیٹی کے مطابق وینیزویلا میں جمہوریت کی تحریک کی رہنما کی حیثیت سے ماریا کورینا ماچاڈو حالیہ دور میں لاطینی امریکہ میں شہری جرأت (سِول کریج) کی سب سے غیر معمولی مثالوں میں سے ایک ہیں۔

انہوں نے ایک ایسی سیاسی اپوزیشن کو متحد کیا جو پہلے شدید تقسیم کا شکار تھی، اس اپوزیشن نے آزادانہ انتخابات اور نمائندہ حکومت کے مطالبے پر اتفاق کیا۔

ماچاڈو 2010 میں وینزویلا کی قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں (فوٹو: اے ایف پی)

’یہی جمہوریت کی اصل روح ہے کہ ہم اختلافِ رائے کے باوجود عوامی حکمرانی کے اُصولوں کے تحفظ کے لیے متحد ہوں۔ آج جب جمہوریت خطرے میں ہے، تو اس مشترکہ بنیاد کا دفاع پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکا ہے۔‘

وینیزویلا، جو کبھی ایک نسبتاً جمہوری اور خوشحال ملک تھا، اب ایک ظالم آمرانہ ریاست میں بدل چکا ہے اور اس وقت انسانی اور معاشی بحران کا شکار ہے۔ عوام کی اکثریت انتہائی غربت میں زندگی گزار رہی ہے جبکہ چند مراعات یافتہ افراد اقتدار کے بل پر اپنی دولت میں اضافہ کر رہے ہیں۔

ریاست کا پُرتشدد نظام اپنے ہی شہریوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ تقریباً 80 لاکھ افراد ملک چھوڑ چکے ہیں۔ اپوزیشن کو منظم انداز میں انتخابات میں دھاندلی، قانونی ہتھکنڈوں اور قید کے ذریعے دبایا گیا ہے۔ وینیزویلا کی آمرانہ حکومت نے سیاسی سرگرمی کو نہایت مشکل بنا دیا ہے۔

سنہ 2017 میں ماریا ماچاڈو نے ’سوئے وینزویلا‘  نامی اپوزیشن اتحاد کی بنیاد رکھی (فوٹو: اے ایف پی)

ماریا کورینا ماچاڈو کون ہیں؟ 

ماریا کورینا ماچاڈو 7 اکتوبر 1967 کو وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں پیدا ہوئیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے انجینئر اور صنعت کار ہیں۔ ماچاڈو نے اپنی عملی زندگی کا آغاز سماجی خدمات سے کیا اور 1992 میں ’اٹینیا فاؤنڈیشن‘ قائم کی، جو کاراکس کے بے گھر اور محروم بچوں کے لیے کام کرتی ہے۔

انہوں نے 2001 میں انتخابی شفافیت کے لیے ’سوماتے‘ نامی تنظیم بنائی، جس کا مقصد عوامی شعور اور جمہوری عمل کو مضبوط بنانا تھا۔

ماچاڈو 2010 میں وینزویلا کی قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور انہیں اس الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ ملے۔ تاہم 2014 میں حکومت نے انہیں اسمبلی سے نااہل قرار دے کر ان کا مینڈیٹ ختم کر دیا۔ اس کے باوجود انہوں نے آمریت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی۔

سنہ 2017 میں انہوں نے ’سوئے وینزویلا‘  نامی اپوزیشن اتحاد کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد ملک میں جمہوری قوتوں کو متحد کرنا تھا۔

ماریا کورینا ماچاڈو نے 20 سال سے زائد عرصہ قبل آزاد اور منصفانہ انتخابات کے لیے آواز بلند کی۔ ان کے اپنے الفاظ میں ’یہ گولیوں کے بجائے ووٹ کو چُننے کا فیصلہ ہے۔‘

سیاسی عہدے پر خدمات انجام دینے اور مختلف تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کے دوران ماریا کورینا ماچاڈو عدلیہ کی آزادی، انسانی حقوق اور عوامی نمائندگی کے حق میں مسلسل آواز بلند کرتی رہی ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US