پاکستان اور افغانستان جنگ کی خبریں سنیں، اس معاملے کو بھی دیکھنا ہوگا: صدر ٹرمپ

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کی جنگ کے بارے میں سنا ہے اور وہ اس معاملے کو بھی دیکھیں گے۔

سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب پاکستان اور افغانستان کے درمیان خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرحدوں پر شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ 

افغانستان کی جانب سے پاکستانی پوسٹوں پر بِلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کا پاکستانی فوج نے بھرپور اور شدید جواب دیا تھا۔

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ افغانستان کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران پاکستان آرمی کے 23 اہلکار جان سے گئے، جبکہ 29 زخمی ہوئے۔

مشرق وسطیٰ روانگی سے قبل ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جنگیں رکوانے کا کام اچھے طریقے سے کر سکتے ہیں۔‘

انہوں نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ آٹھویں جنگ تھی جس کو حل کیا گیا، اب میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں بھی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ میری اپنی واپسی تک انتظار کرنا ہو گا۔ میں ایک اور جنگ کو حل کرنے جا رہا ہوں کیونکہ میں اس کام کو اچھے طریقے سے کر سکتا ہوں اور امن لانے کا کام بھی کر سکتا ہوں۔‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جنگیں رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں۔

اس موقع پر انہوں نے امن کے نوبیل انعام کا تذکرہ بھی کیا کہ’ میں نے 2024 اور 25 میں بہت سے کام کیے تاہم میں نے یہ سب کچھ نوبیل انعام کے لیے نہیں کیا تھا بلکہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کیا تھا۔‘

انہوں نے دیگر جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ کے علاوہ ان جنگوں کے بارے میں سوچیے جو کئی دہائیوں سے چل رہی تھیں اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ ان میں مر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے دنوں میں نے ان جنگوں کا حل ڈھونڈا۔

پچھلے مہینے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی (فوٹو: پی ایم آفس)

پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بند ہونے کے بعد صدر ٹرمپ اس جنگ کا بہت زیادہ تذکرہ کرتے رہے ہیں جبکہ جنگ ختم ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔

24 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی عرب سربراہی اجلاس کے اختتام پر غیر رسمی ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد صدر ٹرمپ نے ان کو وائٹ آنے کی دعوت دی تھی۔

اس سے اگلے روز 25 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات کے بعد وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی تعریف کی اور انہیں ’مین آف پیس‘ قرار دیا جو دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US