کیا ہیلمٹ پہننا بالوں کے گرنے کی وجہ ہے اور طبی ماہرین ان دعوؤں کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟
بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ہیلمٹ پہننے سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہےموٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ پہننا قانونی طور پر لازم ہے اور یہ سڑک حادثے کی صورت میں آپ کی جان بچا سکتا ہے۔ تاہم، بہت سے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ہیلمٹ پہننے سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سر کی کھال سے جڑا ہیلمٹ کھوپڑی پر دباؤ ڈالتا ہے جس سے سر پر پسینہ جمع ہوتا ہے اور اس سب کے نتیجے میں بال کمزور ہو جاتے ہیں۔ دوسروں کا خیال ہے کہ ہیلمٹ میں جمع ہونے والی دھول، گندگی یا فنگل انفیکشن بالوں کی جڑوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ ان دعوؤں میں کتنی صداقت ہے؟ کیا ہیلمٹ پہننا بالوں کے گرنے کی وجہ ہے اور طبی ماہرین ان دعوؤں کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟
کیا ہیلمٹ پہننے سے بال گرتے ہیں؟
ماہرین کا خیال ہے کہ بال گرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیںاس دعوے کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے۔ تاہم، ہیلمٹ بعض اوقات سر پر رگڑ کا باعث بن سکتا ہے اور اس کی سر پر موجودگی سے سر کی کھال پر پسینہ جمع ہو سکتا ہے۔
یہ سر کی جلد یا بالوں کی مانگ کی جلد کو متاثر کر سکتا ہے۔
اگر ہیلمٹ کا اندر کا حصہ گندا ہے، بہت تنگ ہے، یا دھوپ میں سڑ چکا ہے، تو یہ آپ کے بالوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
تاہم ہیلمیٹ پہننا بالوں کے گرنے کی واحد وجہ نہیں ہے۔
ہیلمٹ کے اندر کی باقاعدگی سے صفائی بالوں کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کا ایک اچھا طریقہ ہو سکتی ہے۔
ہارمونل تبدیلیاں، جینیات اور طرز زندگی کے عوامل بھی بالوں کے گرنے میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔ ابھی تک اس بات کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ہے کہ ہیلمٹ ان عوامل کے بغیر لوگوں میں مستقل بالوں کے گرنے کا سبب بنتا ہے۔
خواتین میں تھائیرائیڈ اور پی سی او ڈی جیسے عوامل بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتے ہیںکم عمری میں بالوں کا گرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ اس کے پیچھے بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں اور ان کی نشاندہی کرنا ضروری ہے۔
ڈاکٹر میتھلی کامت، ممبئی کے جسلوک ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کے شعبہ ڈرمیٹالوجی اور ٹرائیکالوجی میں کنسلٹنٹ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’ہارمونز کے عوامل یعنی ہارمونز میں تبدیلی بالوں کے گرنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ خواتین میں تھائیرائیڈ اور پی سی او ڈی جیسے عوامل بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔‘
تاہم ’مردوں میں جینیاتی عوامل زیادہ اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیماری، وٹامن کی کمی، آئرن کی کمی اور تمباکو نوشی کی عادت بھی بالوں کے گرنے میں تیزی لاتی ہے۔‘
کیا ہیلمٹ پہننے سے سر کی جلد میں متاثر ہوتی ہے؟
ممبئی سے تعلق رکھنے والی ماہر امراض جلد ڈاکٹر شریفہ چاؤسے کہتی ہیں کہ ’بہت زیادہ تنگ ہیلمٹ پہننے سے بالوں کی جڑیں کمزور ہو سکتی ہیں۔‘
’ایسا ہیلمٹ پہننا جو مناسب طریقے سے سر پر فٹ نہیں ہوتا، اس سے کھوپڑی پر خارش، پسینہ آنا اور فنگل انفیکشن ہو سکتا ہے۔ اگر ہیلمٹ صحیح سائز اور اندر سے صاف نہ ہو تو یہ مسئلہ بڑھ سکتا ہے۔‘
ڈاکٹر میتھلی کامت کہتی ہیں ’اگر آپ پونی ٹیل جیسے ہیئر سٹائل یا بالوں کو جڑوں سے مضبوطی سے کھینچنے والا ہیلمٹ پہنتے ہیں تو اس سے سر کی جلد پر رگڑ کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔‘
’اس کی وجہ یہ ہے کہ ہیلمٹ پہننے کے دوران بال مسلسل کھینچے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہیلمٹ کے کناروں سے رگڑ کی وجہ سے بال ٹوٹ بھی سکتے ہیں۔‘
کیا ہیلمٹ کے باعث سر پر جمع ہونے والا پسینہ خشکی کا سبب بنتا ہے؟
اکثر لوگ ہیلمٹ سے بچنے کی وجہ خشکی بتاتے ہیں۔
ڈاکٹر شریفہ چاؤسے کہتی ہیں ’ہیلمٹ کھوپڑی پر قدرے گرم اور نم ماحول پیدا کرتا ہے۔ وہاں پسینہ جمع ہوتا ہے، جس سے فنگس یا بیکٹیریا بڑھنے لگتے ہیں۔ یہ فنگس کھوپڑی کی جلد کو متاثر کر سکتی ہے۔‘
’اس سے خارش اور خشکی ہو سکتی ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ اپنے بالوں کو ہمیشہ صاف رکھیں اور مناسب طریقے سے وینٹ ہیلمیٹ پہنیں۔‘
ڈاکٹر شریفہ کا کہنا ہے کہ اپنے ہیلمٹ کی صفائی بہت ضروری ہے اور ایسا کرنے سے آپ بہت سے مسائل سے بچ سکتے ہیں۔
ہیلمٹ پہننے والوں کو اپنے بالوں کا خیال کیسے رکھنا چاہیے؟
- مناسب طریقے سے فٹ ہونے والا ہیلمٹ استعمال کریں۔
- ہیلمٹ کو اندر سے صاف رکھیں۔
- ہر روز اپنے بالوں کو شیمپو سے دھوئیں۔
- ہیلمٹ کے نیچے رومال یا سکارف باندھنا چاہیے اور سر پر موجود اس کپڑے کو روزانہ دھو کر خشک کرنا چاہیے۔
اگر آپ بال گرنے سے پریشان ہیں تو کیا کرنا چاہیے؟
ڈاکٹر شریفہ چاؤسے کہتی ہیں کہ ’ہیلمٹ ہی بالوں کے گرنے کی واحد وجہ نہیں ہے، غلط ہیلمٹ کا استعمال بھی بالوں کے جھڑنے کا سبب بن سکتا ہے۔‘
’رگڑ، دباؤ اور پسینہ بالوں کے جھڑنے کا سبب بنتا ہے۔ اگر جلد کی صحیح دیکھ بھال کی جائے اور غدود کو نقصان نہ پہنچے تو بال دوبارہ اگ سکتے ہیں۔ لیکن اگر بالوں کا گرنا طویل عرصے سے جاری ہو تو اس صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔‘
ہیلمٹ نہ پہننا مسئلے کا حل نہیں لیکن بالوں کے گرنے سے بچنا ضرور ممکن ہے۔
یہ سوال کہ کیا ہیلمٹ پہننے سے بالوں کا گرنا اتنا ہی عام ہے جتنی اس بارے میں غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ سائنسی طور پر ہیلمٹ بالوں کے گرنے کی واحد وجہ نہیں ہے۔
گندگی، پسینہ، دھوپ میں سڑنا اور رگڑ آپ کے ہیلمٹ کو متاثر کر سکتا ہے، اس لیے ہیلمٹ کو صاف رکھنا، مناسب طریقے سے فٹ ہونے والا ہیلمٹ پہننا اور اپنے بالوں کی دیکھ بھال کرنا بالوں کے گرنے سے بچنے میں مدد دے سکتا ہے۔
بالوں کا گرنا بہت سے عوامل کی وجہ سے ہوتا ہے جن میں ہارمونز، جینیات، غذائیت اور تناؤ شامل ہیں۔
تاہم ہیلمٹ یقینی طور پر واحد وجہ نہیں ہیں۔ لہذا محفوظ سفر کے لیے ہیلمٹ پہننا جاری رکھیں لیکن اپنے بالوں کی صحت کا خیال رکھنا بھی نہ بھولیں۔
اگر آپ طرز زندگی میں بڑی تبدیلیوں پر غور کر رہے ہیں، جیسے کہ غذائی تبدیلیاں، طبی علاج، ادویات، یا جسمانی ورزش، تو یہ ضروری ہے کہ آپ ڈاکٹر اور ایک مستند ٹرینر سے مشورہ کریں۔
بہتر ہے کہ ڈاکٹر کے ساتھ اپنے جسم اور علامات کا اچھی طرح سے جائزہ لیں اور صرف ان کے مشورے کی بنیاد پر طرز زندگی میں تبدیلیاں کریں۔