نعمان علی اور شاہین آفریدی کی شاندار بولنگ، پاکستان نے عالمی ٹیسٹ چیمپیئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے ہرا دیا

لاہور میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی
Getty Images

لاہور میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 183 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے اس میچ میں مجموعی طور پر دس وکٹیں لیں اور انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعرات کو میچ کے چوتھے دن جب کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی۔

تاہم اسی سکور پر شاہین آفریدی نے پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے ٹونی زورزی کو ایل بی ڈبلیو کر کے جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

مہمان ٹیم کا سکور جب 55 تک پہنچا تو اسے چوتھی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز ٹرسٹن سٹبز تھے جنھیں نعمان علی نے سلپ میں کیچ کروایا۔

اس موقع پر اوپنر رکلٹن اور سٹبز کی جگہ لینے والے ڈیوالڈ بریوس نے اننگز کو سنبھالا اور سکور 128 تک پہنچا دیا۔ اس شراکت داری میں رکلٹن نے تو محتاط انداز اپنائے رکھا لیکن بریوس نے جارحانہ انداز میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔

یہ پارٹنر شپ نعمان علی نے بریوس کو بولڈ کر کے توڑی۔ اس نقصان کے بعد جنوبی افریقہ کے بلے باز مزید کوئی بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور جہاں مڈل آرڈر نعمان علی اور ساجد خان کی سپن بالنگ کے جال میں جکڑا گیا وہیں ٹیل اینڈرز کے پاس شاہین آفریدی کی فاسٹ بولنگ کا کوئی جواب نہ تھا۔

شاہین آفریدی دوسری اننگز میں صرف آٹھ اوورز میں چار وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ نعمان علی نے بھی دوسری اننگز میں چار جبکہ ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت عالمی ٹیسٹ چیمپیئن ہے اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے اس نے اپنے اعزاز کے دفاع کا آغاز کیا ہے۔

نعمان علی
Getty Images
نعمان علی کو میچ میں دس وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا

اس میچ کے دوران پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ پہلی اننگز میں جہاں پاکستان کے چار بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں وہیں دوسری اننگز میں وہ ایک بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہے اور پاکستان کے آخری پانچ بلے باز سکور میں صرف 17 رنز کا اضافہ کر سکے۔

اس کارکردگی پر پاکستان کی دوسری اننگز کے اختتام پر کوچ اظہر محمود بھی نالاں دکھائی دیے اور انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بلے بازوں نے غلط شاٹ سلیکشن سے خود کو مشکل صورتحال میں ڈالا۔

قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا تھا کہ میچ کے دوران دو اچھی شراکت داریاں دیکھنے کو ملیں تاہم دوسری اننگز میں اچانک وکٹوں کے گرنے سے مشکلات میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 رنز کے اندر پانچ وکٹوں کے نقصان کی بنیادی وجہ شاٹ سلیکشن میں کمزوری تھی اور بیٹنگ لائن نے درست فیصلے نہیں کیے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US