پاک فوج اور قازقستان کی افواج کی مشترکہ مشق "دوستارِم–V" چرات میں جاری

image

پاکستان اور قازقستان کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشق “دوستارِم–V” چرات میں واقع اسپیشل آپریشنز اسکول میں جاری ہے جو 13 سے 24 اکتوبر 2025 تک منعقد ہو رہی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مشق کی افتتاحی تقریب 14 اکتوبر 2025 کو چرات میں ہوئی جس میں دونوں ممالک کے عسکری افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں قومی پرچموں کو سلامی دی گئی اور رسمی خیرمقدمی کے بعد دونوں افواج کے کمانڈرز نے مشق کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور قازقستان آرمی کی اسپیشل فورسز شریک ہیں۔ اس مشترکہ مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ، مشترکہ آپریشنز کے دوران ہم آہنگی پیدا کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

مشق کے دوران شرکاء انسدادِ دہشت گردی کی حکمتِ عملی، شہری و پہاڑی علاقوں میں آپریشنز، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور انٹیلی جنس شیئرنگ جیسے شعبوں میں عملی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق پاکستان اور قازقستان کے تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ہے۔ دونوں ممالک کی افواج تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

شرکاء کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، دوستی اور پیشہ ورانہ اشتراک کو نئی جہت فراہم کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US