نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی دوران دھند سفر کے بارے میں اہم ایڈوائزری جاری

image

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے دھند کے بڑھتے ہوئے موسم کے پیش نظر شہریوں کے محفوظ سفر کے لیے اہم ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوتی ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ شدید دھند کی صورت میں موٹروے کو کسی بھی وقت عارضی طور پر بند کیا جا سکتا ہے، اس لیے شہری اپنی سفری منصوبہ بندی احتیاط سے کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پریشانی سے بچنے کے لیے صبح 10 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان اپنا سفر مکمل کریں اور رات کے وقت غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کے لیے اہم حفاظتی ہدایات بھی جاری کیں جن میں شامل ہیں، گاڑی میں فوگ لائٹس کا لازمی استعمال، وائپرز درست حالت میں رکھنا، اگلی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ برقرار رکھنا، دھند میں ہائی بیم کا استعمال ہرگز نہ کرنا کیونکہ اس سے حدِ نگاہ مزید کم ہو جاتی ہے۔

مزید برآں، سفر شروع کرنے سے قبل روڈ کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 130، موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا ہینڈلز @nhmp یا ریڈیو ایف ایم 95 سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کے محفوظ اور پرسکون سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر دم متحرک ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US