برطانوی شہزادے اینڈریو نے ڈیوک آف یارک کا لقب اور شاہی اعزازات چھوڑ دیے

image

برطانوی شاہی خاندان کے رکن پرنس اینڈریو نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے تمام شاہی اعزازات اور خطابات سے دستبردار ہو رہے ہیں جن میں ان کی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے دیا گیا ڈیوک آف یارک کا لقب بھی شامل ہے۔

پرنس اینڈریو کے مطابق یہ فیصلہ انہوں نے بادشاہ چارلس سے تفصیلی مشاورت کے بعد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی بطور پرنس جانے جائیں گے تاہم مستقبل میں وہ اپنے کسی بھی شاہی خطاب یا لقب کا استعمال نہیں کریں گے۔

شہزادہ اینڈریو نے مزید کہا کہ انہوں نے رائل وکٹورین آرڈر کے نائٹ گرینڈ کراس اور دی موسٹ نوبل آرڈر آف دی گارٹر کے اعزازات بھی واپس کر دیے ہیں۔ اس طرح ان کے پاس اب صرف پیدائش کے ساتھ ملا لقب پرنس ہی باقی رہے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو کی سابقہ اہلیہ سارہ فرگوسن نے بھی شاہی القابات استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کی بیٹیاں شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی بدستور اپنے شاہی القابات برقرار رکھیں گی۔

شہزادہ اینڈریو نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب وہ امریکی کاروباری شخصیت جیفری ایپسٹین سے تعلقات کے باعث ایک طویل عرصے سے تنقید اور تنازعات کی زد میں تھے۔ جن کی انہوں نے ایک بار پھر سختی سے تردید کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US