سعودی عرب کے اسسٹنٹ وزیر داخلہ برائے آپریشنز امور لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی انتقال کر گئے ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے مرحوم کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے بھی لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے تقریباً 60 برس تک وزارت داخلہ میں مثالی خدمات انجام دیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی کنگ فہد سکیورٹی کالج کے فارغ التحصیل تھے اور اپنے طویل کیریئر کے دوران وزارت داخلہ میں مختلف اہم اور حساس عہدوں پر فائز رہے۔ ان کی خدمات کو سعودی سیکیورٹی نظام میں نمایاں مقام حاصل رہا۔