ایمازون کی کلاؤڈ سروس اے ڈبلیو ایس میں فنی خرابی، ہزاروں ویب سائٹس متاثر

image

دنیا کی سب سے بڑی کلاؤڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ایمازون ویب سروسز پیر کے روز فنی خرابی کا شکار ہوگئی جس کے باعث دنیا بھر کی ہزاروں ویب سائٹس اور ایپس میں خلل پیدا ہوا۔ متاثرہ پلیٹ فارمز میں فورٹ نائٹ، اسنیپ چیٹ، روبلوکس، کلیش آف کلینز، وینمو اور اوبر کی حریف لفٹ سمیت کئی معروف خدمات شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اے ڈبلیو ایس نے اپنی اسٹیٹس ویب سائٹ پر بتایا کہ امریکا کے مشرقی خطے میں متعدد سروسز میں ایرر ریٹس اور لیٹنسی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اے آئی اسٹارٹ اپ پرپلکسی، کرپٹو کرنسی ایکسچینج کوائن بیس اور ٹریڈنگ ایپ رابن ہڈ نے اپنی خدمات متاثر ہونے کی ذمہ داری اے ڈبلیو ایس پر عائد کی ہے۔

اے ڈبلیو ایس کمپنیوں، حکومتوں اور عام صارفین کو کمپیوٹنگ پاور، ڈیٹا اسٹوریج اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس کے سرورز میں خرابی کے باعث وہ تمام ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز متاثر ہوئے جو کلاؤڈ انفراسٹرکچر پر انحصار کرتے ہیں۔

اے ڈبلیو ایس کا مقابلہ گوگل کلاؤڈ اور مائیکروسافٹ ایژور سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس خرابی کے باعث امریکا میں تقریباً 2 ہزار ویب سائٹس بند ہو گئیں۔

ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق امیزون ڈاٹ کام، پرائم ویڈیو، الیکسا اور پے پال کی سروس وینمو کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

اس تعطل نے گیمنگ پلیٹ فارمز فورٹ نائٹ (ایپک گیمز)، روبلوکس، کلیش روائل، کلیش آف کلینز سمیت کئی مالیاتی اور تفریحی خدمات کو متاثر کیا۔ ادائیگی کی ایپس وینمو اور چائم اور ٹرانسپورٹ سروس لفٹ بھی کئی گھنٹوں تک امریکا بھر میں ہزاروں صارفین کے لیے بند رہیں۔

میسجنگ ایپ سگنل کی صدر میرڈتھ وٹیکر نے بھی تصدیق کی کہ ان کا پلیٹ فارم اے ڈبلیو ایس کے تعطل سے متاثر ہوا۔

ایمازون ویب سروسز کے ترجمان کے مطابق کمپنی مسئلے سے آگاہ ہے اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ یو ایس ایسٹ ریجن سے دنیا بھر کی سروسز منسلک ہیں اس لیے عالمی سطح پر کنیکٹیویٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

اب تک ایمازون یا اے ڈبلیو ایس کی جانب سے خرابی کی نوعیت یا مکمل بحالی کے وقت سے متعلق کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US