چین کے خلائی جہاز شینزو 20 نے اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد ڈونگ فنگ لینڈنگ سائٹ پر کامیابی سے لینڈنگ کرلی۔
سی جی ٹی این کے مطابق خلائی جہاز شینزو 20 نے 19 جنوری کی صبح بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 34 منٹ پر اندرونی منگولیا میں واقع ڈونگ فنگ لینڈنگ سائٹ پر بحفاظت اور کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔
شینزو 20 خلائی جہاز 24 اپریل 2025 کو خلا میں روانہ ہوا تھا اور بعدازاں چینی خلائی اسٹیشن کے ساتھ کامیابی سے منسلک ہوگیا تھا۔ نومبر 2025 کے اوائل میں خلائی جہاز کو ممکنہ طور پر خلائی ملبے یا نہایت باریک ذرات کے ٹکرانے کے شبہے کے باعث طے شدہ وقت پر واپس نہیں لایا گیا جس کے بعد اسے مدار میں ہی رکھ کر متعلقہ سائنسی اور تکنیکی تجربات جاری رکھے گئے۔
18جنوری کو رات 12 بج کر 23 منٹ پر شینزو 20 خلائی جہاز خلائی اسٹیشن سے علیحدہ ہوا اور بغیر کسی عملے کے خودکار نظام کے تحت زمین کی جانب واپسی کا سفر مکمل کیا۔ اس خلائی مشن کے دوران جہاز نے مجموعی طور پر 270 دن مدار میں گزارے جس سے خلائی جہاز کے نو ماہ تک مدار میں رہنے اور طویل مدتی قیام کی صلاحیت کی کامیاب تصدیق ہوگئی۔