وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ملک میں صنعتی اور زرعی شعبوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر توانائی نے بتایا کہ ملک میں اس وقت 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے جس کا فائدہ معیشت کے بنیادی شعبوں صنعت اور زراعت کو دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کو فراہم کی جانے والی اضافی بجلی کی قیمت 34 روپے فی یونٹ سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے کر دی گئی ہے جب کہ زرعی صارفین کے لیے یہ قیمت 38 روپے سے کم کر کے 22 روپے 98 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اویس لغاری کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف مجموعی بجلی کی اوسط قیمت میں کمی آئے گی بلکہ صنعتوں کو پیداوار بڑھانے اور زراعت کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کسی زراعتی صارف نے پہلے 100 یونٹ استعمال کیے تھے اور اب اضافی 100 یونٹ استعمال کرے گا تو اوسط قیمت میں تقریباً 7 روپے فی یونٹ کمی ہوگی جبکہ صنعتی صارف کے لیے اضافی ہزار یونٹ پر اوسط قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی واقع ہوگی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت پہلے ہی صنعتی شعبے کے لیے قیمتوں میں کمی کر چکی ہے اور اس نئے اقدام سے پیداواری لاگت میں مزید کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق ہے اور امید ہے کہ اس سے معیشت کو استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزارت توانائی کی یہ پالیسی آئندہ چند ہفتوں میں نافذ العمل ہو جائے گی جس سے براہ راست صنعتکاروں اور کسانوں کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔