پاک فوج اور قزاقستان کی افواج کے درمیان دو ہفتوں تک جاری رہنے والی مشترکہ فوجی مشق دوستاریُم-وی چیراٹ میں اختتام پذیر ہو گئی۔ یہ مشق 14 اکتوبر سے شروع ہوئی تھی جس میں دہشت گردی کے خلاف آپریشنز سے متعلق جدید تربیت فراہم کی گئی۔
پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ اور قزاقستان کی اسپیشل فورسز ٹیموں نے مشق میں حصہ لیا۔ اختتامی تقریب میں کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چیراٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ قزاقستان کے سفیر اور دفاعی اٹاشی بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران دونوں ممالک کے جوانوں نے اپنے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق مشق کا بنیادی مقصد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی، ڈرلز اور تکنیکوں کو مزید بہتر بنانا تھا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دوستی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایسی مشترکہ مشقیں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔