پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر متفق

image

پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں موجود وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اہم اجلاس میں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں جاری سیاسی صورتحال، حکومت کی کارکردگی اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پی پی پی کے اراکین نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز دی اور دعویٰ کیا کہ نمبر گیم مکمل ہو چکی ہے۔ اجلاس میں فریال تالپور، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور چوہدری یاسین سمیت پارلیمانی پارٹی کے تمام اہم رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کی ممکنہ تبدیلی کے بعد نئے وزیراعظم کے نام پر بھی مشاورت کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ حتمی اعلان صدر آصف علی زرداری کریں گے۔ متوقع امیدواروں میں چوہدری یاسین، چوہدری لطیف اکبر اور سردار یعقوب شامل ہیں۔

پی پی پی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں حتمی فیصلہ صدر مملکت کریں گے اور نمبر گیم کے مطابق حکومت کی تبدیلی کے لیے تمام ضروری تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کر کے مشاورت کی ہے تاکہ تحریک عدم اعتماد کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے کے بعد آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کے لیے پی پی پی کی قیادت صدر آصف زرداری کی ہدایات پر عمل کرے گی، جبکہ نئے وزیراعظم کے حتمی انتخاب کا فیصلہ بھی صدر زرداری کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US