فیلڈ مارشل کی مصر کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، خطے کی صورتحال، اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات قاہرہ کے اتحادیہ صدارتی محل میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کردار کو سراہا جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور امت مسلمہ کے اہم معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کو تسلیم کیا۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے معاشی، تکنیکی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور عوام سے عوام کے رابطوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ ساتھ ہی باہمی اسٹریٹجک مفادات پر قریبی رابطوں کو مضبوط بنانے اور تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے مصری وزیر دفاع جنرل عبدالماجد صقر اور مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے بھی ملاقات کی جس میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید برآں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جامعہ الازہر کے شیخ اعظم شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی، جس میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور انتہا پسندی کے خاتمے پر بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملاقات نے پاکستان اور مصر کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں دونوں ممالک کے کردار کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US