کیمرے دیکھ رہے ہیں ، اب چالان آپ کے گھر پہنچے گا، مگر کیسے؟

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر ریکارڈ ہوں گی جبکہ ای-ٹکٹنگ سسٹم کے ذریعے چالان جاری کیے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں ہر قسم کی گاڑی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے اس لیے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم کے تحت ابتدا میں 200 کیمرے فعال کیے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے کے تحت کیمروں کی تعداد بڑھا کر 12 ہزار تک کی جائے گی اور یہ نظام مرحلہ وار سندھ بھر میں نافذ ہوگا۔

شہری ای چالان کی وضاحت یا اپیل کے لیے ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم سینٹرز سے رجوع کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ نظام انسانی مداخلت اور جانبداری ختم کرے گا اور انصاف، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب معاشرے کی پہچان ہے اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ ان اصولوں پر عمل کرے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہیوی گاڑیوں پر پہلے ہی ٹریکرز نصب ہیں اور اوور اسپیڈنگ پر چالان فوری طور پر جاری ہوگا۔

انہوں نے سندھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم سندھ میں اسمارٹ گورننس اور عوامی اعتماد کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس کے ثمرات جلد صوبے بھر میں نظر آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US