وادیِ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج علی الصبح آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا دلکش ہالہ نمودار ہوا جس نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کر دیا۔ شہریوں نے اس خوبصورت منظر کو اپنے موبائل کیمروں میں محفوظ کیا جو کچھ ہی دیر میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کوئٹہ، نوشکی اور دالبندین میں افق پر مختلف زاویوں سے قوسِ قزح جیسے رنگ بنتے رہے جو 6 بج کر 20 منٹ پر غائب ہو گئے۔
 
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق یہ دراصل لینٹیکیولر بادل تھے۔ ان کے مطابق یہ بادل عدسے کی شکل کے ساکن بادل ہوتے ہیں جو کسی پہاڑی علاقے میں مخالف سمت سے بہتی مستحکم اور نم ہوا کے باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج یہ منفرد موسمیاتی نظارہ کوئٹہ کے مشرقی پہاڑی سلسلے کوہ مردار کے اوپر دیکھا گیا۔نم ہوا چوٹی کے قریب پہنچ کر ٹھنڈی ہونے سے بادل کی شکل اختیار کر لیتی ہے جبکہ نچلی سطح پر بخارات بن کر تحلیل ہو جاتی ہے جس کے باعث یہ بادل فضا میں معلق دکھائی دیتے ہیں۔