اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک ٹیموں کی موومنٹ، شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان

image

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، کرکٹ ٹیموں کی اسلام آباد سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک موومنٹ کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ موومنٹ کے دوران مارگلہ روڈ سے کھنہ کی جانب سفر کرنے والے شہری فیصل ایونیو، بلیو ایریا اور کلب روڈ کے ذریعے لہتراڑ روڈ استعمال کریں۔ جبکہ سیکٹرز جی نائن، جی ٹین، جی الیون اور ترنول کی طرف جانے والے مسافر فیصل ایونیو سے ایف ٹین والا روڈ اختیار کریں۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پشاور موڑ سے سری نگر ہائی وے استعمال کریں، جبکہ آئی جے پی روڈ سے اسلام آباد آنے والے شہری سبزی منڈی روڈ کا رخ کریں۔

پولیس کے مطابق ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران سروس روڈز پر شہریوں کی رہنمائی کے لیے تعینات ہوں گے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفتری اوقات میں سفر کے لیے اضافی وقت لے کر نکلیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق شہریوں کو ایف ایم 92.4 اور پولیس کے سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے ٹریفک صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US