یوٹیوبر سے رشوت لینے کا مقدمہ ، این سی سی آئی اے افسران کا تین روزہ ریمانڈ منظور

image

یوٹیوبر سے رشوت لینے کے الزام میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے دو افسران کا لاہور کی عدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

مقدمہ ایف آئی آر نمبر 36/2025 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض نامزد ہیں۔ پولیس کے مطابق یوٹیوبر سعدالرحمن عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ نے ملزمان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے مقدمے میں ریلیف دلوانے کے لیے رقم وصول کی۔

یوٹیوبر کی اہلیہ نے چیکوں اور کرنسی نوٹس کی تصاویر بطور ثبوت فراہم کیں جبکہ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ مزید رقم کی برآمدگی اور دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے ریمانڈ ضروری ہے۔

ملزمان کے وکلا نے مؤقف اپنایا کہ مقدمہ بغیر تحقیق درج کیا گیا اور گرفتاری بھی غیر قانونی ہے۔ تاہم عدالت نے مؤقف مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کو 31 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزید برآں حکومت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل وقار الدین سید کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے اور انہیں او ایس ڈی بنا کر فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ ان کی جگہ سید خرم علی کو نیا ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تعینات کیا گیا ہے

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب یوٹیوبر سعدالرحمن عرف ڈکی بھائی کے خلاف تحقیقات میں این سی سی آئی اے کے متعدد افسران کی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات سامنے آئے ہیں البتہ حکومتی انکوائری اور ایف آئی آر میں وقارالدین سید کا نام کسی بھی الزام میں شامل نہیں ہے۔ تاہم انہیں عہدے سے ہٹا کر اوایس ڈی بنا دیا گیا ہے اور انہیں مزید احکامات تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، واضح رہے کہ این سی سی آئی اے لاہور کے متعدد افسران پر یوٹیوبر سعدالرحمن کے خلاف کارروائی کے دوران رشوت وصول کی اور اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US