تاج حیدر پل عوام کے لیے کھول دیا گیا، شہریوں کو سفر میں بڑی سہولت ملے گی، شرجیل میمن

image

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آج قیوم آباد میں تاج حیدر پل باضابطہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ یہ پل کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے اور حکومت سندھ شہر کو ہر وہ سہولت دے گی جو ایک ترقی یافتہ شہر کو ملنی چاہیے۔

وزیر نے بتایا کہ تاج حیدر پل کا کل تخمینہ لاگت گیارہ ارب روپے ہے جس میں ٹیکس اور یوٹیلیٹی لائنوں کی منتقلی کے اخراجات شامل ہیں۔ یہ منصوبہ دو پلوں پر مشتمل ہے جن کی مجموعی لمبائی تقریباً 1.2 کلومیٹر ہے۔ ہر پل پر چار لا‌ین بنائی گئی ہیں، یوں مجموعی طور پر آٹھ لینز ٹریفک کے بہاؤ کو سہل کریں گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد پرانا جام صادق پل منہدم کر کے ایک جدید پل تعمیر کیا جائے گا۔

شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ آج سے تاج حیدر پل عوام استعمال کر سکتے ہیں تاہم ابتدا میں اسے دس دن تک ون وے کے طور پر چلایا جائے گا اور دس دن کے بعد پل پر دو طرفہ ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ تاج حیدر برج کی صورت پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کا ایک اور میگا پروجیکٹ مکمل کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کے آخری مرحلے کا فیز دسمبر میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد شہر کے ٹریفک کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یلو لائن بی آر ٹی پر کام جاری ہے اور اس کے مکمل ہونے سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں ای وی بسز کے مزید روٹس شروع کیے جائیں گے اور مزید پانچ سو الیکٹرک بسیں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔ تقریب کے دوران شرجیل میمن نے شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بارشوں سے متاثرہ راستوں کی بحالی اور نئے روٹس کے ذریعے شہریوں کے سفر میں آسانی پیدا کرنے کے کاموں کا حوالہ دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کی ہدایت پر سندھ کے تمام محکمے متحرک ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی پر بھی زور دیا اور کہا کہ اگر آپ جرم کریں گے ہی نہیں تو سزا بھی نہیں ہوگی۔

صوبائی وزیر نے خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز مفت فراہم کرنے اور اسکوٹیز چلانے کی تربیت دینے کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ قدم خواتین کی موبلٹی میں اضافہ کرے گا۔

دورانِ تقریر ڈپٹی میئر سلمان مراد اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن نے بھی حکومتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ تاج حیدر پل کھلنے سے مقامی علاقوں کی کنیکٹیویٹی بہتر ہوگی اور روزمرہ ٹریفک میں کمی آئے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US