افغانستان زلزلے سے لرز اٹھا، عمارتیں زمین بوس، شدت کتنی تھی؟

image

افغانستان کے ہندوکش پہاڑی خطے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن سے کئی مکانات منہدم ہوگئے اور درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 320 سے زائد زخمی ہوئے ہیں تاہم حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 اور گہرائی 28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔

زلزلے کے جھٹکے مزار شریف، قندوز، بلخ اور تخار سمیت شمالی افغانستان کے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ خوفزدہ شہری رات گئے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے میدانوں میں پناہ لی۔ اے ایف پی کے مطابق زلزلے کے باعث درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے اور کئی علاقوں میں لوگ رات بھر سڑکوں پر رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے اثرات تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں رواں سال 31 اگست کو 6.0 شدت کے زلزلے میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2023 میں 6.3 شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں 4 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US