صدر زرداری اور امیرِ قطر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

image

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی شریک تھے۔

صدرِ مملکت نے امیرِ قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا جب کہ دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر زرداری نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کی۔

امیرِ قطر نے تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کی اور متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت دی۔انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے قطر میں پاکستانی شہریوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ پاکستان ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت مضبوط تعلقات رکھتا ہے اور قطر کو پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔

صدر زرداری نے قطر کی جانب سے افغانستان سے متعلق دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور مثبت کردار کو سراہا جس پر امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان اپنے موجودہ مسائل حل کرکے علاقائی چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔

اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے امیرِ قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں دورۂ پاکستان کا اعلان کیا۔

قبل ازیں صدرِ پاکستان نے دوحہ میں چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے بھی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، سی پیک منصوبے، اور سماجی و اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرداری نے کہا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور بیجنگ نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US