خود سے کئی سال بڑی ڈاکٹر نبیحہ سے شادی کیوں کی؟ دلہا نے راز سے پردہ اٹھا دیا

image

"میں ایک بہت مضبوط عورت ہوں، اکیلی بھی رہی، بیٹے کی پرورش بھی کی، اور اپنی زندگی کے فیصلے ہمیشہ خود کیے۔ لوگ کچھ بھی کہیں، لیکن میں ہمیشہ سچ کے ساتھ کھڑی رہتی ہوں۔" یہ کہنا ہے ڈاکٹر نبیحہ علی خان کا جنہوں نے حال ہی میں ایک بار پھر اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کیا ہے۔

مشہور میڈیا پرسن، ماہرِ نفسیات اور سماجی کارکن ڈاکٹر نبیحہ علی خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ کوئی تنازعہ نہیں بلکہ اُن کی دوسری شادی ہے۔ وہ اکثر اپنی بے باک رائے، نڈر انداز اور معاشرتی مسائل پر کھل کر بولنے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی رہتی ہیں۔ کبھی شادی شدہ عورتوں پر اپنے بیانات سے تنازعہ کھڑا کر دیتی ہیں تو کبھی طاقتور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف سیلاب کے دنوں میں بول کر سب کی توجہ حاصل کر لیتی ہیں۔

اب وہ زندگی کے ایک نئے موڑ پر ہیں۔ ڈاکٹر نبیحہ نے اپنے دیرینہ دوست اور ساتھی حارث کھوکھر سے نکاح کر لیا ہے۔ نکاح کی تقریب معروف مذہبی عالم مولانا طارق جمیل کی رہائش گاہ پر انجام پائی۔ دونوں نے مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی کہانی شیئر کی اور اپنے رشتے کے بارے میں دلچسپ باتیں بتائیں۔

حارث کھوکھر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ آخر انہوں نے ڈاکٹر نبیحہ کو اپنی زندگی کی ساتھی کے طور پر کیوں چنا۔ اُن کے مطابق، "ہم دونوں ایک میڈیا سے وابستہ این جی او میں کام کرتے تھے، اور ایک دوسرے کو چھ سال سے جانتے ہیں۔ نبیحہ کی شخصیت میں جو چیز سب سے پہلے مجھے متاثر کر گئی وہ اُن کا مضبوط کردار تھا۔ وہ نہایت بہادر عورت ہیں۔ میں نے خود دیکھا کہ وہ کس طرح بغیر کسی سہارا کے، ایک اکیلی عورت ہونے کے باوجود ہر مشکل کے سامنے ڈٹ جاتی ہیں۔ لوگ اُن پر تنقید کرتے ہیں لیکن وہ کبھی جھکنے والی نہیں۔ یہ وہی وقت تھا جب میں نے فیصلہ کر لیا کہ میں انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتا ہوں۔"

ڈاکٹر نبیحہ اور حارث کھوکھر کی جوڑی سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ دونوں نے شادی کی تقریب میں قریبی دوستوں اور چند مشہور انفلوئنسرز کو مدعو کیا۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر نبیحہ ہمیشہ کی طرح پُراعتماد، مسکراتی ہوئی اور زندگی کے اس نئے باب کو خوشی کے ساتھ قبول کرتی نظر آئیں۔

جہاں کچھ لوگ اُن کے فیصلے کو سراہ رہے ہیں، وہیں کچھ نے حسبِ روایت تنقید بھی کی ہے۔ مگر ڈاکٹر نبیحہ کے الفاظ میں، "میں نے زندگی میں ایک بات سیکھی ہے، لوگ کچھ بھی کہیں، اگر نیت صاف ہو اور دل مضبوط ہو تو کسی بات کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے۔"

یہی خود اعتمادی اور حوصلہ شاید وہ خاصیت ہے جس نے حارث کھوکھر کو اُن کی جانب کھینچا۔ اب یہ نیا جوڑا اپنی زندگی کے ایک خوبصورت سفر کا آغاز کر چکا ہے، اور مداح اُن کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US