کلچرل ٹورزم اتھارٹی کی 35 اسامیوں پر بھرتی کا عمل معطل، امیدوار سراپا احتجاج

image

خیبر پختونخوا کلچرل ٹورزم اتھارٹی نے اپنی 35 کنٹریکٹ اسامیوں پر اگست 2025 میں ہونے والے ٹیسٹ کے بعد بھرتی کا عمل معطل کر دیا ہے۔ امتحان میں 3 ہزار 171 امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں سے 1 ہزار 615 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ ہر امیدوار نے امتحان میں حصہ لینے کے لیے 700 روپے فیس ادا کی جس سے مجموعی طور پر 22 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ایٹا اور ٹورازم اتھارٹی نے کامیاب امیدواروں کے مارکس شیٹ مکمل کیے بغیر بھرتی کا عمل روک دیا جس پر امیدواروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ امیدواروں کا الزام ہے کہ یہ عمل رشوت، سفارش اور بااثر شخصیات کو نوازنے کا ایک نیا حربہ ہے۔

خیبر پختونخوا کلچرل ٹورزم اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایٹا نے محکمہ سے کامیاب امیدواروں کے نمبر اور دیگر دستاویزات طلب کی ہیں لیکن محکمہ مبینہ طور پر کنٹریکٹ پوسٹوں پر من پسند افسران کی تعیناتی کے لیے سرگرم ہے جس سے ہزاروں نوجوانوں کی محنت ضائع ہو رہی ہے۔

کامیاب امیدواروں نے کہا ہے کہ شفافیت کے بجائے اقربا پروری کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ان کے حق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے جس کے خلاف وہ احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US