چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معیشت اور کیپیٹل مارکیٹس کے مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس کے تحت چینی کنسورشیم پاکستان کے کیپیٹل مارکیٹ انفراسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرے گا۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے مطابق، چینی کنسورشیم کو سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے درکار تمام ریگولیٹری منظوریاں دے دی گئی ہیں۔ اس منظوری کے بعد چینی کنسورشیم سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی (CDC) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی (NCCPL) میں اپنی شیئر ہولڈنگ بڑھائے گا۔ اس سلسلے میں چینی وفد نے زیر التوا ریگولیٹری معاملات کے فوری حل پر چیئرمین ایس ای سی پی کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کے اسٹاک ٹریڈنگ اور پراپرٹی مینجمنٹ فنکشن کو الگ الگ کردیا گیا ہے اور پراپرٹی مینجمنٹ فنکشن کے لیے ایک علیحدہ کمپنی قائم کی جائے گی۔ اس اقدام کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج اب ٹریڈنگ اور مارکیٹ میں نئی پروڈکٹس کے اجراء پر زیادہ توجہ مرکوز کرسکے گی۔
مزید برآں پاکستان اور چین کے درمیان کراس بارڈر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) کے اجراء پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ دونوں ممالک کی ایکسچینجز کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس کراس بارڈر ETFs پر کام کر رہی ہے۔ چینی کنسورشیم کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس شراکت داری کے ذریعے پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں جدید ترین ٹریڈنگ اور سیٹلمنٹ ٹیکنالوجیز متعارف کروائیں گے۔