پرامن احتجاج سب کا حق، لشکر کشی کی اجازت نہیں دی جائے گی، رانا ثناء اللہ

image

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج اور لانگ مارچ ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم کسی کو بھی مسلح لشکر کشی کے ذریعے مظفرآباد پر قبضہ کرنے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ لاکھوں شہداء کی قربانیوں سے پروان چڑھنے والی تحریک کو کسی کمیٹی کے مطالبات کی بنیاد پر نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ فریق کو مختلف تجاویز اور پیشکشیں دی گئیں، لیکن انہوں نے انہیں قبول نہیں کیا۔

رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو بیرونی قوتوں کی مالی معاونت اور حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے ابتدا میں مہاجرین کی مخصوص نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ نہیں کیا تھا، تاہم بعد میں اراکین کے حلف نامے سے پاکستان سے الحاق سے متعلق شق ختم کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت قانون کی بالادستی اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائے گی، جبکہ پرامن سیاسی سرگرمیوں اور جمہوری حقوق کا احترام بھی یقینی بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US