وزارت خزانہ نے رواں مالی سال (جولائی تا ستمبر) کے پہلے 3 ماہ میں نان ٹیکس ریونیو سے حاصل آمدن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ دستاویز کے مطابق اس عرصے میں پیٹرولیم لیوی سے 371 ارب روپے وصول ہوئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حاصل 261 ارب روپے کے مقابلے میں 42.12 فیصد زیادہ ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران حکومتی آمدن 6 ہزار 200 ارب روپے اور اخراجات 4 ہزار 80 ارب روپے رہے، جبکہ 2 ہزار 119 ارب روپے کا نیا قرضہ بھی لیا گیا۔ اس دوران پرائمری بیلنس بلحاظ جی ڈی پی 2.7 فیصد اور بجٹ سرپلس 1.6 فیصد ریکارڈ ہوا جو آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق ہے۔
دستاویز کے مطابق اس عرصے میں قرضوں کے سود کی مد میں 1 ہزار 377 ارب اور دفاع پر 447 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ پنشنز پر 249 ارب، سول حکومتی اخراجات 161 ارب اور سبسڈیز کی مد میں 119 ارب روپے کی ادائیگی ہوئی۔
نان ٹیکس ریونیو کا مجموعی ہدف 5 ہزار 147 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے اور پہلے 3 ماہ میں حاصل آمدن 3 ہزار 46 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ اسی عرصے میں کاربن لیوی سے 10 ارب روپے، ای وی ایڈاپشن لیوی سے 3 ارب روپے، پاسپورٹ فیس سے 14 ارب اور گیس سرچارج سے تقریباً 7.94 ارب روپے وصول کیے گئے۔
مزید برآں صوبائی اور وفاقی سرکاری اداروں نے 27 ارب روپے سے زائد مارک اپ، تیل و گیس کی رائلٹی، پیٹرولیم لیوی اور گیس ڈیویلپمنٹ سیس بھی وصول کیں۔