اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 165.54 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 158.10 ملین ڈالر کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر میں چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 59.94 ملین ڈالر رہی جو اگست میں 48.80 ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 56.02 ملین ڈالر تھی۔ مالی سال 2025 میں مجموعی برآمدات کا حجم 622.77 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں لیدر گارمنٹس کی برآمدات 72.07 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 69.41 ملین ڈالر کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہیں۔ ستمبر میں لیدر گارمنٹس کی برآمدات 26.87 ملین ڈالر رہی، جبکہ اکتوبر میں 21.012 ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 26.71 ملین ڈالر تھی۔ مالی سال 2025 میں لیدر گارمنٹس کی مجموعی برآمدات 254 ملین ڈالر تھیں۔
چمڑے سے بنے دستانوں کی برآمدات کی بات کریں تو پہلی سہ ماہی میں یہ 79.64 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے 77.92 ملین ڈالر کے مقابلے میں 2.20 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں لیدر گلوز کی برآمدات 28.23 ملین ڈالر رہی جو اگست میں 23.018 ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 26.16 ملین ڈالر تھی۔ مالی سال 2025 میں لیدر گلوز کی مجموعی برآمدات 318.22 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
مزید برآں پہلی سہ ماہی میں چمڑے کی دیگر مصنوعات کی برآمدات 13.83 ملین ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 10.76 ملین ڈالر کے مقابلے میں 28.45 فیصد زیادہ ہے۔