پاکستان میں نئی بندرگاہوں کی تیاری، وفاقی وزیر بحری امور نے کمیٹی قائم کر دی

image

وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے ملک میں نئی بندرگاہوں کی تعمیر کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے جو ساحلی پٹی پر ڈیپ سی پورٹس کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کرے گی۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین ماہ کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ وزارت کو پیش کرے۔

وفاقی وزیر کے مطابق نئی بندرگاہوں کا منصوبہ پاکستان کے سو سالہ وژن 2047 تا 2147 کا حصہ ہے جو مستقبل کی تجارتی ضروریات اور عالمی بحری اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ موجودہ بندرگاہیں 2035 سے 2045 کے درمیان اپنی مکمل گنجائش پر پہنچ جائیں گی، اس لیے نئی بندرگاہوں کی منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں اور برآمدی حجم کے باعث موجودہ پورٹس پر دباؤ میں اضافہ متوقع ہے جبکہ نئے منصوبے پاکستان کو خطے کا سمندری اور تجارتی مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نئے منصوبوں کے لیے ماحولیاتی، جغرافیائی اور تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے اور اپنی سفارشات میں نئے صنعتی زونز، توانائی مراکز اور لاجسٹک کنیکٹیویٹی کے حوالے سے جامع تجاویز پیش کرے۔

وفاقی وزیرِ بحری امور نے کہا اگلی صدی سمندروں کی صدی ہوگی اور پاکستان کو آج سے ہی اپنی تیاری شروع کرنا ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US