تجارتی و سفری روابط کا نیا دور۔۔۔ گوادر تا عمان فیری سروس کی منظوری

image

وفاقی حکومت نے گوادر سے عمان تک براہِ راست فیری سروس کے آغاز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جسے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سفری سہولتوں کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق وفاقی کابینہ نے فیری سروس کی منظوری دیتے ہوئے پاکستان اور عمان کے درمیان فیری لنک کے قیام کے لیے مفاہمت نامہ پر دستخط کی اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کا عمانی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، جو سروس کے آغاز کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے گا۔

وزیر نے کہا کہ گوادر، عمان فیری سروس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس روٹ سے پاکستانی تارکین وطن کے لیے سفر آسان اور کم لاگت ہوجائے گا، جبکہ سیاحت، ثقافت اور عوامی روابط کو بھی تقویت ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نئی سمندری راہداری سے خطے کے دیگر ممالک کو بھی وسط ایشیا کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فیری سروس کے آغاز سے گوادر بندرگاہ میں اقتصادی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی اور بندرگاہ علاقائی تجارت کے نئے مرکز کے طور پر اُبھرے گی۔

وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور عمان کے درمیان معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور دوطرفہ تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہوں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US