تکاتو اور ہزارگنجی چلتن نیشنل پارکس میں نایاب جنگلی حیات کو بچانے کے لیے اقدامات

image

بلوچستان کے نیشنل پارکس، خصوصاً تکاتو اور ہزارگنجی چلتن نیشنل پارک میں خشک سالی اور پانی کی شدید کمی کے باعث نایاب جانوروں اور پرندوں کی بقا کو لاحق خطرات کے بعد ہنگامی حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے مطابق پانی کی قلت نے مقامی جنگلی حیات کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر پانی کی فراہمی اور نگرانی بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے اہلکار 24 گھنٹے متحرک ہیں۔ اہلکار دشوار گزار راستوں سے بھی ہاتھوں پر پانی اٹھا کر قدرتی تالابوں اور آبی ذخائر تک پہنچا رہے ہیں تاکہ نایاب نسلوں کو مسلسل پانی میسر رہے۔ پارکس میں پانی کے پوائنٹس کی نگرانی، صفائی اور بھرائی کا عمل بھی چوبیس گھنٹے جاری ہے۔

چیف کنزرویٹر جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان، شریف الدین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نیشنل پارکس میں آنے والے شہری محکمہ کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نایاب جنگلی حیات کا تحفظ حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور عوامی تعاون سے ہی قدرتی ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US