فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے بہاولپور زون نے ٹیکس وصولی کی تاریخ میں اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے 53 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی ہے، جسے خطے کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
کمشنر ایف بی آر بہاولپور زون ممتاز خان کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی پر مجموعی طور پر تقریباً 60 کروڑ 90 لاکھ روپے انکم ٹیکس واجب الادا تھا۔ قانونی کارروائی اور مؤثر اقدامات کے نتیجے میں ادارے سے 53 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی ممکن بنائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بہاولپور زون نے مختلف کارروائیوں کے ذریعے ایک ارب روپے سے زائد کا واجب الادا انکم ٹیکس وصول کیا، جو اس خطے کی تاریخ میں ریکارڈ ٹیکس ریکوری تصور کی جا رہی ہے۔
ممتاز خان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی مہم کے دوران ڈاکٹروں، نجی اسپتالوں، ہوٹل مالکان اور مختلف صنعتی و تجارتی اداروں کے مالکان سے بھی بقایا ٹیکس وصول کیا گیا۔ ان کے بقول، بہاولپور زون میں ایک سال کے دوران اس حجم کی ٹیکس ریکوری کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔