پاکستان میں انٹرنیشنل کانفرنس آن ایپلیکیشنز آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ICAST–2025) کانفرنس سپارکو اور انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی (IST) کے اشتراک سے منعقد ہو رہی ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق ICAST–2025 میں ISNET، APSCO، ICESCO، IEEE اور NCGSA سمیت اہم عالمی ادارے شمولیت کریں گے، کانفرنس کا مرکزی موضوع "پائیدار ترقی کے لیے خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کا کردار" ہے۔
موسمی تبدیلی، غذائی تحفظ، آفات سے نمٹنے اور پائیدار انفراسٹرکچر پر خصوصی سیشنز ہوں گے، 25 ممالک کے 70 سے زائد بین الاقوامی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ کانفرنس میں 2,000 سے زائد ملکی و غیر ملکی ماہرین شریک ہوں گے، تین روزہ کانفرنس میں 5 پلینری سیشنز، 23 تکنیکی سیشنز اور 12 ماسٹر کلاسز شامل ہوں گی۔
ترجمان سپارکو کے مطابق ترکی، منگولیا اور امریکا کے خلا باز Meet the Astronauts فورم میں شرکت کریں گے، رویتِ ہلال کے سائنسی، مذہبی و تکنیکی پہلوؤں پر خصوصی سیشن منعقد ہوگا۔
سپارکو ترجمان کے مطابق GIS Day 2025 کے تحت مصنوعی ذہانت اور سیٹلائٹ ڈیٹا پر مخصوص سیشنز ہوں گے، مختلف ممالک اور اداروں کے ساتھ متعدد MoUs پر دستخط کیے جائیں گے، کانفرنس پاکستان کے خلائی شعبے میں قائدانہ کردار اور عالمی تعاون کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ICAST–2025 پاکستان کو خطے میں سائنسی تبادلے اور جدت کا نمایاں مرکز بنائے گی، ایونٹ عالمی شراکت داریوں، تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے فروغ کا سنگِ میل ثابت ہوگا۔