یکساں فورس کا اطلاق امن و امان کے قیام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

image

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت لیویز فورس کے پولیس میں انضمام سے متعلق انتظامی و تکنیکی امور پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات آئی جی پولیس محمد طاہر خان ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی سمیت لیویز فورس کے رسالدار میجر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں لیویز سے پولیس میں ضم ہونے والے افسران و اہلکاروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے مختلف انتظامی تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ لیویز فورس کے رسالدار میجر کو ون اسٹیپ اپ ترقی دینے سمیت تمام کیٹیگریز کے افسران کی ترقی، ٹرانسفر اور سینیارٹی سے متعلق تجاویز کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ انضمام کا عمل مثر اور باوقار انداز میں آگے بڑھ سکے۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لیویز اور پولیس کے انضمام کے عمل میں ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید تربیتی ماڈیولز متعارف کرائے جائیں اور لیویز فورس کے افسران و جوانوں کو پولیس کی بنیادی تربیت فراہم کی جائے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ لیویز فورس کے پولیس میں انضمام کو قابلِ عمل بنا کر ٹرانزیکشن کا پورا عمل باعزت انداز میں مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انضمام کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعالیت اور ہم آہنگی میں نمایاں اضافہ ہوگا جو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پورے بلوچستان میں یکساں فورس کا اطلاق امن و امان کے قیام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا جبکہ حکومت کی اولین ترجیحات میں افسران اور اہلکاروں کی ویلفیئر اور پیشہ ورانہ ترقی شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیویز سے پولیس میں منتقلی کا عمل مرحلہ وار اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لیے حکومت کے اقدامات کو مزید موثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ ایک مضبوط، پیشہ ور اور یکساں فورس صوبے کے عوام کی بہتر خدمت کر سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US