خیبرپختونخوا کے اضلاع دیربالا اور مانسہرہ میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ دیربالا کے سوری ہاو ریحان کوٹ میں ایک گھر اچانک آگ لگنے سے مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔ پولیس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور فائیر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی فوری کارروائی سے آگ پر قابو پایا گیا۔
دوسری طرف مانسہرہ کے سیاحتی مقام کاغان کے بازار میں علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے 50 کمروں پر مشتمل مشہور ہوٹل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہوٹل مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا تاہم کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی فائر بریگیڈ گاڑیوں اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو مزید بازار میں پھیلنے سے روکا گیا۔
ذرائع کے مطابق کے ڈی اے عملہ اب بھی موقع پر کولنگ اور حفاظتی اقدامات میں مصروف ہے۔ ان واقعات سے علاقے میں مالی نقصان کے ساتھ ساتھ سیاحتی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔