ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کرنے والوں کو تنقید کا کوئی حق نہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

image

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی استحکام اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے میثاقِ جمہوریت کی کھلی دعوت دی، مگر اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کرنے والوں کو تنقید کا کوئی حق نہیں، اور جو دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں، وہ پہلے یہ بتائیں کہ انہوں نے الیکشن ٹربیونل کے لیے کتنے قانونی کیسز تیار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عدالتیں ثبوت طلب کرتی ہیں تو یہ لوگ تاریخیں مانگنے لگتے ہیں۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ بابر نواز خان نے پی ٹی آئی سے نشست چھین لی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ عوام نے فیصلہ کارکردگی کی بنیاد پر دیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کا رویہ سب کے سامنے ہے۔

وزیر اطلاعات نے اپوزیشن پر الزام لگایا کہ حکومت نے انہیں کئی بار مذاکرات کی پیشکش کی، مگر انہوں نے ہر مرتبہ خود ہی راہِ فرار اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی غلطیوں کو چھپانے کے لیے الزامات لگانا قابل مذمت ہے اور اپوزیشن کے قول و فعل میں واضح تضاد موجود ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اداروں کو نشانہ بناتے ہیں، اور ان اکاؤنٹس سے جاری مہم نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ قابلِ مذمت بھی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت جمہوری عمل کو آگے بڑھانے، سیاسی استحکام اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US