بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناندیڑ میں ایک دلخراش اور حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان لڑکی نے اپنے قتل شدہ عاشق کی لاش سے شادی کر کے سب کو حیران کر دیا۔ یہ واقعہ سماجی رویّوں، خاندانی دباؤ اور محبت کی انتہاؤں کی ایک تکلیف دہ مثال بن کر سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انچل نامی لڑکی اور سکشم نامی نوجوان گزشتہ تین سال سے ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے، مگر لڑکی کے اہل خانہ اس رشتے کے شدید مخالف تھے۔ اسی مخالفت نے کہانی کو المناک موڑ پر پہنچا دیا جب لڑکی کے والد نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر سکشم کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتول لڑکی کے بھائی کا قریبی دوست تھا اور کچھ ہی عرصہ قبل جیل سے رہا ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق قتل سے تقریباً دو گھنٹے قبل لڑکی کی ماں جے شری مقتول کے گھر گئی تھیں اور اس کے خلاف سنگین دھمکیاں دی تھیں۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں لڑکی کے والد اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
قتل کے بعد انچل وہاں پہنچی جہاں سکشم کی آخری رسومات کی تیاری ہو رہی تھی۔ اس نے اپنے ماتھے پر سندور لگا کر سب کے سامنے خود کو سکشم کی دلہن قرار دے دیا۔ اس غیر معمولی قدم نے پورے علاقے سمیت سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی۔
انچل نے میڈیا کو بتایا کہ میں تین سال سے سکشم کے ساتھ تھی۔ میری فیملی اس رشتے کے خلاف تھی۔ وہ اس کی موت کی سازش بہت پہلے سے کر رہے تھے۔ اگرچہ سکشم اب اس دنیا میں نہیں رہا لیکن میں ہمیشہ اس کی بیوی رہوں گی۔