ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معیشت پر تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے مالی سال 2025 کے لیے ملک کی جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 2.7 فیصد سے بڑھا کر 3 فیصد کر دیا ہے جو اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری کی جانب اشارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں معاشی کارکردگی نمایاں رہی جب گروتھ ریٹ 5.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ بڑی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں میں تیزی اور پرائیویٹ سیکٹر میں قرض کی فراہمی اور گھریلو کھپت میں اضافہ مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بینک نے کہا کہ سرمایہ کاری اور صنعتی شعبے کی ریکوری نے اقتصادی سرگرمیوں کو سہارا دیا جبکہ بیرونی طلب میں کمی اور عالمی تجارت میں غیر یقینی صورتحال اب بھی چیلنجز میں شامل ہے۔
اے ڈی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ مجموعی معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور پائیدار اصلاحات و مستحکم پالیسیاں آئندہ برسوں میں پاکستان کی معیشت کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔