خیبر پختونخوا محکمہ لائیو اسٹاک نے ملازمین کی حاضری یقینی بنانے کیلیے تمام منسلک اداروں اور دفاتر کو صبح 9 بجے گروپ تصویر بنانے اور سیکریٹریٹ کو ارسال کرنا لازمی قرار دے دیا ہے، تمام ملازمین کا ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
سیکریٹری لائیو اسٹاک، فشریز اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ ظریف المانی کی جانب سے محکمے میں شفافیت، نظم و ضبط اور بہتر انتظامی کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں، محکمہ کو ہیومن ریسورس ڈیٹا فوری اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے اور اب تک 7 ہزار ملازمین کا ڈیٹا اپ ڈیٹ ہوچکا ہے۔
سیکریٹری کی جانب سے تمام منسلک دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ بقیہ تمام ریکارڈ بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی حاضری کے لیے نئے طریقہ کار کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ہدایات کے مطابق تمام منسلک دفاتر ، ڈیری فارمز اور ہیچریز میں ہر روز صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان گروپ فوٹو لیا جائے گا اور اسے سیکریٹری آفس کے ساتھ شیئر کرنا لازمی ہوگا تاکہ فیلڈ دفاتر کی حاضری اور موجودگی کا شفاف طریقے سے تعین کیا جاسکے۔
مزید برآں سیکریٹری ظریف المانی نے واضح کیا ہے کہ محکمے میں تمام موجودہ اور آئندہ بھرتیاں صرف ایٹا کے ذریعے کی جائیں گی۔ اندرونی ٹیسٹ یا کوئی متوازی نظام استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس ضمن میں تمام اداروں کو 7 دن کے اندر تعمیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔