اشک آباد میں ترکمانستان کی 30 سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے بین الاقوامی فورم کا انعقاد کیا گیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے اہم خطاب کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے اُبھر رہا ہے، عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے دباؤ ڈالے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنازعات کا پُرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
شہباز شریف نے ترکمانستان کی روایتی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی حمایت سے غزہ امن منصوبہ منظور ہوا، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کیلئے اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔