اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو پنشن کی عدم ادائیگی پر سیکریٹری خزانہ کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
سماعت میں اے جی پی آر کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل زیرِ سماعت ہونے کی بنیاد پر التواء کی استدعا کی گئی، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پہلے عدالتی حکم معطل کرائیں، ورنہ اس پر عملدرآمد ہر صورت کرنا ہوگا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے واضح کیا کہ اگر اس ماہ کے آخر تک پنشن جاری نہ کی گئی تو توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریسی اور انتظامیہ مل کر عدلیہ سے مذاق کر رہی ہیں، عدالتی احکامات کی عدم تعمیل ناقابلِ برداشت ہے۔